واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک سال سے زائد عرصے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے، تاہم ان کے بقول تمام حملوں کو ناکام بنا دیا گیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دعوے کے حق میں کسی رپورٹ یا اعداد و شمار کا حوالہ نہیں دیا۔ انہوں نے ایران کے حملوں میں اضافے کو امریکی کانگریس کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی سے بھی جوڑا۔
امریکی صدر نے اتوار کی شام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یاد ہے کہ انہوں نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے متعلق دو پیش گوئیاں کی تھیں۔ پہلی پیش گوئی یہ تھی کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی کی صورت میں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید گراوٹ آئے گی، جبکہ دوسری یہ کہ ایران اپنے حملوں میں شدت پیدا کرے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ دونوں پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔ ان کے مطابق ایران نے گزشتہ ہفتے ایک سال سے زائد عرصے کے دوران کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے، تاہم تمام کو روک لیا گیا اور مار گرایا گیا، جس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے رہنما ڈیموکریٹس کو کمزور اور نااہل سمجھتے ہیں، تاہم وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس اور ایران پر تیل کی قیمتیں بلند رکھنے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ انتخابات کے بعد سے تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کیرولائنا میں کانگریس کے انتخابات میں ایک اور ڈیموکریٹ امیدوار کی کامیابی کے بعد ایوان نمائندگان میں اس جماعت کی نشستوں کی تعداد 258 ہوگئی ہے، جسے 1992 کے بعد ایوان میں اس کی سب سے بڑی اکثریت قرار دیا گیا ہے۔
اس کامیابی سے ڈیموکریٹس کو ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے بقیہ دو سالوں میں کانگریس کے قانون سازی کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔














