رحیم یار خان: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ پر معمول کی گشت کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک گاڑی سے بغیر لائسنس پستول اور 6 زندہ گولیاں برآمد کرلیں، جبکہ گاڑی میں سوار 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
موٹروے پولیس کے افسران نے قومی شاہراہ پر گشت کے دوران مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شہدانی پولیس کے حوالے کر دیا۔
موٹروے پولیس حکام کے مطابق قومی شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام، مسافروں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔














