ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح دارالحکومت ریاض کی جانب حوثی جنگجوؤں کی طرف سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا بیلسٹک میزائل ناکام بنا دیا۔
اس سے چند گھنٹے قبل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اتحاد نے یمن میں حوثی جنگجوؤں کے زیرِ استعمال اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے فوجی جوابی کارروائی کی ہے۔ ان کے مطابق یہ تنصیبات سعودی عرب اور یمن میں حملوں اور بحیرہ احمر کے جنوبی حصے سمیت آبنائے باب المندب میں بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ نشانہ بنائی گئی تنصیبات میں بالخصوص بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعلق مراکز شامل تھے۔
اتحاد نے ہفتے کے روز بھی دعویٰ کیا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے مملکت کی جانب داغے گئے متعدد میزائلوں اور دیگر حملوں کو ناکام بنایا۔ ان میں رات گئے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا کروز میزائل بھی شامل تھا، جبکہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے جازان کے ساحلی شہر الشقیق کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی فضا میں تباہ کر دیا۔ الشقیق میں پانی صاف کرنے اور بجلی پیدا کرنے کے بڑے مراکز قائم ہیں، جو مملکت کے جنوبی علاقوں کو پانی اور بجلی فراہم کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
دوسری جانب سعودی حکام نے جازان سمیت مملکت کے مختلف علاقوں اور مشرقی صوبے میں سکیورٹی الرٹس جاری کیے، تاہم بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے تصدیق کی کہ خطرہ ٹل چکا ہے۔













