نیویارک: بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ فاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ ایران جنگ نے عالمی توانائی کی منڈی کو مستقل طور پر تبدیل کر دیا ہے اور تنازع ختم ہونے کے باوجود جنگ سے پہلے کی صورتحال بحال ہونا ممکن نہیں ہوگا۔
بی بی سی کے پروگرام ’’سنڈے ود لورا کوئنزبرگ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاتح بیرول نے کہا کہ یہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ عالمی توانائی کی صورتحال ایران جنگ سے پہلے جیسی ہو سکے گی۔
انہوں نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو پانی ندی سے گزر چکا ہو، اسے واپس نہیں لایا جا سکتا۔ جب کوئی چیز ٹوٹ جائے تو اسے پہلے جیسا نہیں بنایا جا سکتا۔‘‘
فاتح بیرول کے مطابق ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والا توانائی بحران شدت اور حجم کے اعتبار سے 1970 کی دہائی کے توانائی بحرانوں اور روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران جنگ مارچ میں شروع ہونے کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث برطانیہ میں لاکھوں گھرانوں کے توانائی کے بل جنوری میں 26 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔
آئی ای اے کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر یورپ کو شدید سرد موسم کا سامنا کرنا پڑا تو توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
فاتح بیرول نے موجودہ تنازع کو تاریخ میں توانائی کی سلامتی کے لیے ’’سب سے بڑا خطرہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے اثرات صرف تیل اور گیس تک محدود نہیں رہے بلکہ قدرتی گیس اور کیمیائی کھادوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے عالمی توانائی کی فراہمی اور قیمتوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس کے اثرات مختلف ممالک اور صارفین کو طویل عرصے تک برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں۔














