لاہور : پنجاب میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ساہیوال سے بھارتی ایجنسی ‘را’ کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے بھر میں منشیات و دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 23 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ ان کارروائیوں میں سب سے اہم کامیابی ساہیوال سے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ‘را’ کے ایک دہشت گرد کی گرفتاری ہے۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، 7 آئی ای ڈیز (IEDs)، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تمام گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 22 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 4,690 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، ان آپریشنز کے دوران 1 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد کےائف کی جانچ پڑتال (چیکنگ) کی گئی۔
کڑی اسکریننگ کے نتیجے میں 402 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔














