امریکی اے آئی ٹیکنالوجی چین کی جوہری میزائل صلاحیت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، بیجنگ کو تشویش لاحق
بیجنگ: چین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں امریکا کی تیز رفتار پیش رفت مستقبل میں چینی جوہری میزائلوں کا سراغ لگانے اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہے، جس سے چین کی جوابی جوہری حملے کی صلاحیت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے چیف چائنا نمائندے کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کی 100 سے زائد حالیہ تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لیا، جبکہ اس معاملے پر ماہرین اور سابق امریکی حکام سے بھی گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق چین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ امریکا جاسوسی، نگرانی اور انٹیلی جنس ڈیٹا کے تجزیے سمیت جدید فوجی کارروائیوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرکے چینی میزائل لانچرز کی نشاندہی، نگرانی اور انہیں نشانہ بنانے کا عمل تیز کر سکتا ہے۔ اس پیش رفت سے چین کے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنے اور کسی ممکنہ حملے کے بعد جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے۔
چین کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کے استعمال سے امریکا فیصلہ سازی کے روایتی دورانیے کو 15 سے 30 منٹ سے کم کرکے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم وقت تک محدود کر سکتا ہے۔
چین کی جوہری حکمت عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ چینی محققین کے نزدیک مصنوعی ذہانت کی ترقی دشمن کے حملوں سے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔
رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز ہیں، جن کی تعداد 2030 تک بڑھ کر ایک ہزار کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس، دونوں کے پاس تقریباً 1800، 1800 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین نے اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت اور بقا یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں فوجی تنصیبات کو مختلف مقامات پر پھیلانا، شمالی صحرائی علاقوں میں تقریباً 320 زیرِ زمین میزائل سائلو تعمیر کرنا اور آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ شامل ہے۔
دوسری جانب چینی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی کی راکٹ فورس اپنے فوجی نظاموں میں بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال کا جائزہ لے رہی ہے، تاکہ جدید میزائل دفاعی نظاموں کے خلاف زیادہ مؤثر ثابت ہو سکیں۔
تاہم چینی فوجی تحقیقات میں مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ محققین کے مطابق ناقص یا مبالغہ آمیز ڈیٹا کی بنیاد پر مصنوعی ذہانت کے تجزیے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام میں سنگین فیصلہ سازی کے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر نے اس حوالے سے کہا کہ اگرچہ میزائل داغنے کا حتمی اختیار ابھی مصنوعی ذہانت کو نہیں دیا جا رہا، لیکن حملے کے فیصلے کے لیے درکار معلومات مرتب کرنے میں اس کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی عسکری میدان میں بڑھتی ہوئی اہمیت مستقبل میں بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری توازن اور عالمی سلامتی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر سکتی ہے۔














