ایران کا سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں ملوث ہونے کا الزام مسترد، مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش
تہران: ایران نے سعودی عرب پر یمن کے حوثیوں کے حالیہ حملوں میں کسی بھی قسم کے کردار اور ان کی معاونت سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے الزام عائد کیا تھا کہ یمنی حوثیوں کی جانب سے مملکت پر کیے جانے والے حملوں میں ایران کی بھرپور معاونت شامل ہے۔
اس الزام پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران یمن میں حوثیوں کی کارروائیوں میں اپنے کردار سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات میں اضافے کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، جس سے خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔














