نیویارک: امریکی ارب پتی ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے دو شیئرز دینے کا اعلان کیا ہے، جن میں سے ایک شیئر کمپنی جبکہ دوسرا وہ اپنی ذاتی ملکیت سے فراہم کریں گے۔
ایلون مسک نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس منصوبے کی تفصیلات بتائیں۔ اس سے قبل اسپیس ایکس نے بدھ کو اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’’ٹرمپ اکاؤنٹس‘‘ پروگرام میں شامل ہر فعال اکاؤنٹ کے لیے اپنے نئے جاری کردہ ’’کلاس اے کامن اسٹاک‘‘ کا ایک شیئر عطیہ کرے گی۔
کمپنی کے مطابق ایلون مسک بھی اپنی جانب سے اتنے ہی شیئرز فراہم کریں گے جتنے اسپیس ایکس عطیہ کرے گی۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مسک کے ذاتی شیئرز بھی ٹرمپ اکاؤنٹس کے ذریعے بچوں کو منتقل ہوں گے یا ان کی تقسیم کے لیے کوئی الگ طریقہ اختیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شیئرز فروخت کرنے سے متعلق ممکنہ پابندیوں کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ مسک نے گزشتہ ماہ بھی امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس کا ایک شیئر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ 19 اکتوبر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلے سال ہر امریکی بچے کو اپنی ذاتی ملکیت میں سے ایک شیئر دیں گے اور یہ اس سلسلے کا پہلا قدم ہوگا۔ ان کے مطابق کمپنیوں کے شیئرز براہِ راست عوام کو دینا انہیں مستقبل کی معیشت میں شریک بنانے کا ایک ذریعہ ہے۔
ٹرمپ اکاؤنٹس امریکی بچوں کے لیے متعارف کرائے گئے ٹیکس میں رعایت کے حامل سرمایہ کاری اکاؤنٹس ہیں، جن کا مقصد ان کے مستقبل کے لیے بچت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بچوں کے نام پر کھولے گئے اکاؤنٹس میں رقم اور سرمایہ کاری جمع کی جا سکتی ہے، جس سے وہ بالغ ہونے کے بعد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس سے قبل اکتوبر میں اسپیس ایکس کی صدر گوین شاٹ ویل اور ان کے شوہر نے بھی ٹرمپ اکاؤنٹس پروگرام کے تحت 20 لاکھ سے زائد بچوں کو اسپیس ایکس کا ایک ایک شیئر عطیہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔














