حیدرآباد(5 ستمبر 2026): سندھ کے شہر حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں شیدی گوٹھ کے قریب سیوریج نالے میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے ایک زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا شیدی گوٹھ کے مقام پر سیوریج کے نالے کے اندر موجود گیس پائپ لائن میں خرابی یا کسی وجہ سے پھٹنے کے باعث پیش آیا۔
دھماکے کی آواز اتنی بلند تھی کہ اس سے قریبی رہائشی علاقوں میں خوف کی فضا چھا گئی اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دھماکے کی شدت کو دیکھا جا سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔














