لاہور : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے رہائشی مکانات میں نشہ آور گولیاں بنانے والے 2 نیٹ ورکس کو بے نقاب کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے رہائشی مکانات میں قائم غیر قانونی طور پر نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے دو مختلف نیٹ ورکس کو پکڑ لیا۔
ان کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات، خام مال اور تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری برآمد کر لی گئی ہے۔
اے این ایف نے حسن گڑھی کے ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا جہاں غیر قانونی طور پر نشہ آور گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔
تاہم موقع سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری، بھاری کیمیکل، 4,500 تیار شدہ نشہ آور گولیاں اور منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔
اے این ایف کے مطابق ملزمان اس مکان میں ماہانہ 90 ہزار سے ایک لاکھ تک نشہ آور گولیاں تیار کرتے تھے۔
دوسری کارروائی ناصر باغ روڈ ملاکنڈھیر کے ایک رہائشی مکان میں کی گئی جہاں منشیات کا غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ قائم تھا۔
چھاپے کے دوران ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے ساڑھے 4 کلو ایکسٹیسی (Ecstasy) ٹیبلٹس، خام مال اور گولیاں بنانے والی مشین برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف کیس درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔














