واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان کی حمایت یافتہ ڈیجیٹل فنانس کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے کرپٹو ٹوکن کی قیمت میں صرف ایک رات کے دوران تقریباً 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سیاسی شخصیات سے منسلک ڈیجیٹل اثاثوں میں سرمایہ کاری کے خطرات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کی صبح ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ٹوکن کی قیمت کم ہوکر تقریباً 0.018 ڈالر رہ گئی، جبکہ ایک روز قبل اس کی قیمت 0.039 ڈالر تھی۔ ستمبر 2025 میں ٹریڈنگ کے آغاز سے اب تک اس ٹوکن کی مجموعی قدر میں 90 فیصد سے زیادہ کمی ہوچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعے کی رات سے ہفتے کی صبح تک ہونے والی یہ گراوٹ ٹرمپ خاندان سے منسلک کرپٹو اثاثوں کی تاریخ میں ایک دن کے دوران ہونے والی نمایاں ترین کمیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان کی ڈیجیٹل اثاثوں کے کاروبار میں بڑھتی ہوئی شمولیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کرپٹو مارکیٹ میں ایکسچینجز کے فیصلے، نئے ٹوکنز کا اجرا اور مارکیٹ میں دستیاب سرمائے میں تبدیلیاں قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتی ہیں۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس نے اس کے ٹوکن سے منسلک پرپیچوئل فیوچرز معاہدوں کی بقایا پوزیشنز کو خودکار طریقے سے سیٹل کرکے بند کردیا ہے۔
دوسری جانب بائنانس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے پرپیچوئل فیوچرز سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس سے آگاہ ہے اور اس کی ٹیم مارکیٹ کی سرگرمیوں اور ٹریڈز کے اجرا سے متعلق اعداد و شمار کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ٹرمپ خاندان سے منسلک کرپٹو کاروبار کے ذریعے اربوں ڈالر حاصل کیے گئے، جبکہ متعدد بیرونی سرمایہ کاروں کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
حالیہ گراوٹ نے ایک بار پھر سیاسی شخصیات سے وابستہ کرپٹو منصوبوں کی شفافیت، سرمایہ کاری کے تحفظ اور مارکیٹ میں قیمتوں کے غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے متعلق بحث کو تیز کردیا ہے۔













