امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثیوں کے خلاف اسرائیل کی فوجی مدد قبول کرنے پر غور کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں اسرائیل سعودی عرب کے لیے مؤثر معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
16 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آیا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف اسرائیلی مدد قبول کرنی چاہیے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہاں، اسرائیل اس معاملے میں سعودی عرب کے لیے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی خوشگوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ شاید پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکا ہے۔
تاہم امریکی صدر نے سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان کسی نئے معاہدے یا مذاکرات کی بحالی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
اس سے قبل 13 اکتوبر کو اسرائیلی اخبار ہاریتز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حوثیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی مدد کی پیشکش قبول کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کو خدشہ تھا کہ اسرائیل کے ساتھ کھلے عام فوجی تعاون کرنے پر سعودی عوام کی جانب سے منفی ردعمل سامنے آسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ابراہام معاہدوں کے تحت متعدد عرب ممالک نے امریکی ثالثی میں اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ تاہم سعودی عرب نے صدر ٹرمپ کی جانب سے متعدد یقین دہانیوں کے باوجود اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاملے پر اب تک محتاط رویہ اختیار کر رکھا ہے۔














