راولپنڈی : یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ سے گہری عقیدت و تشکر کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ دفاع و شہدا پر شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اس کے علاوہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے بھی اپنے پیغامات میں شہدائے پاکستان کو سلام پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے، 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر کھڑی ہوئی اور شہدائے پاکستان نے فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔
مسلح افواج کا کہنا ہے کہ جنگی میدانوں، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ شہدا کے خاندان عزم، حوصلے اور استقامت کی لازوال علامت ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو بہادری سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
مسلح افواج نے واضح کیا کہ وہ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔
پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا پابند ہے، تاہم پاکستان کے امن اور بقائے باہمی کے عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے غیر متزلزل وفاداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے اہل خانہ کا حوصلہ قومی قوت اور فخر کا سرچشمہ ہے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ قوم کے شانہ بشانہ اپنی مقدس ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، عزت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔
پاکستان آرمڈ فورسز زندہ باد ،پاکستان ہمیشہ پائندہ باد














