بنکاک: تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ کے علاقے پٹونگ میں موٹر سائیکلوں کی دکان اور رہائشی عمارت میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق آگ علی الصبح 3 بج کر 17 منٹ پر چار منزلہ عمارت میں لگی، جس کی نچلی منزل پر موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت اور کرائے پر دینے کا کاروبار تھا، جبکہ بالائی منزلوں پر رہائشی کمرے قائم تھے۔
آگ نے تیزی سے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد افراد پھنس گئے۔ عمارت میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں موجود تھیں، جبکہ پٹرول، ٹائر، ربڑ اور پلاسٹک کے پرزوں کے باعث آگ مزید شدت اختیار کرگئی اور عمارت دھوئیں سے بھر گئی۔
امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔














