واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو طویل تنازع میں تبدیل نہیں ہونے دے گی اور نہ ہی امریکا اسے دو سال تک جاری رکھنا چاہتا ہے۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ملک مزید طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگوں میں حصہ نہیں لے گا۔ ان کے بقول ایران کا جوہری پروگرام اب بھی امریکا کے لیے خطرہ ہے اور صدر ٹرمپ اسے ختم کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ کو 10، 15 ماہ یا دو سال تک جاری رہنے والے تنازع میں تبدیل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ اس جنگ کو ایسے نتائج کے ساتھ ختم کرنا چاہتے ہیں جو امریکا کے مفاد میں ہوں۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ بعض حلقے ایران میں امریکی موجودگی برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، تاہم واشنگٹن کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
ان کا یہ بیان صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ سے متعلق مذاکرات اور نگرانی کے عمل سے انہیں الگ کرنے کے اعلان کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔














