تہران: ایران کے پارلیمانی اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر غالیباف نے خبردار کیا ہے کہ امریکی یا اسرائیلی فوجی اڈوں کے قریب واقع ڈیم، بندرگاہیں اور بجلی گھر بھی ممکنہ فوجی اہداف تصور کیے جا سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں غالیباف نے کہا کہ امریکی یا اسرائیلی فوجی اڈوں کے نزدیک موجود ایسی تنصیبات کو دوہرے استعمال کی حامل تنصیبات سمجھا جائے گا۔
دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے بعض ڈیم ممکنہ طور پر میزائل تنصیبات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعمیر کیے گئے ہیں اور انہیں شہری و فوجی، دونوں مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔














