سائبیریا: روس کے علاقے سائبیریا کے صوبے کیمیروو میں ایک فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے کی شناخت An-12 کے نام سے ہوئی ہے، جس میں عملے سمیت 17 افراد سوار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں فضا کے دوران آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے بعد وہ تیزی سے زمین کی جانب آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی دھماکے سے تباہ ہوگیا۔
کیمیروو کے گورنر ایلیا سیریڈیوک نے سماجی رابطے کی ایپ ٹیلی گرام پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع یاگونوو میں ایک فضائی حادثہ پیش آیا ہے۔
گورنر کے مطابق متعلقہ حکام کو ضروری امدادی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے تاحال طیارے کے حادثے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔














