ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بدھ کی شام دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملک کی جانب آنے والے 2 ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا، جن میں سے ایک ریاض کے علاقے جبکہ دوسرا جنوبی سعودی عرب کی جانب بڑھ رہا تھا۔
اتحاد کے مطابق دونوں ڈرونز یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی تحریک کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں کہا کہ حوثی گروہ کے 2 ڈرونز کو ریاض اور جنوبی علاقوں کی جانب پیش قدمی کے دوران روک کر تباہ کردیا گیا۔
بدھ کے روز سعودی اتحاد کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا یہ دوسرا اعلان تھا۔ اس سے قبل اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے کروز میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے کچھ ہی دیر بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ریاض کے علاقے کی طرف داغے گئے کروز میزائل کو روک کر تباہ کردیا گیا۔ اس سے چند گھنٹے قبل بھی اتحاد ایک اور کروز میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کرچکا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بدھ کو ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا، تاہم چند منٹ بعد اسے واپس لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق بدھ کی صبح ریاض کے شمالی علاقے میں زور دار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔
ادھر حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں 87 فضائی اور میزائل حملے کیے۔ ان کے مطابق حملوں میں صنعا کے علاوہ الجوف، تعز، عمران، لحج، صعدہ، البیضا، مارب اور اِب کے صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔
تاہم سعودی اتحاد اور حوثی تحریک کی جانب سے سامنے آنے والے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔














