پیرس: یورپی یونین نے یوکرین کے متعدد شہروں پر روسی میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ماسکو امن مذاکرات کی باتوں کے باوجود یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے 16 اور 17 نومبر کی درمیانی شب یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائل حملے کیے، جن میں دارالحکومت کیف کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق حملوں کی پہلی لہر میں 26 میزائل داغے گئے، جبکہ روسی حملوں میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ کے نظام اور صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
یورپی یونین نے ان حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کے شہری اور بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ روس ایک جانب امن مذاکرات کی بات کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب یوکرین کے توانائی کے نظام کو نشانہ بنا کر شہری آبادی کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔














