تل ابیب: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل بریڈ کوپر نے اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسرائیلی فوج کے سربراہ اور خفیہ ایجنسی موساد کے ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل بریڈ کوپر نے اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنرل بریڈ کوپر اور ایال ضمیر نے دونوں ممالک کی افواج کے اعلیٰ کمانڈرز کے ہمراہ خطے کی سکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس ملاقات میں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ عمر ٹشلر بھی شریک تھے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران خطے کی تازہ صورت حال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل بریڈ کوپر کا دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بحرین اور کویت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا۔ یہ حملے ایران کے جزیرے قشم پر امریکی حملوں کے بعد کیے گئے تھے۔














