واشنگٹن: امریکا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ناکام سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔ ملزم نے سازش میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، جس کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسے بھارتی حکومت کے ایک اہلکار کی پشت پناہی حاصل تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سے متعلق الزامات میں اعترافِ جرم کیا تھا۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کو 235 ماہ، یعنی 19 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق نکھل گپتا نے بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم ’سکھس فار جسٹس‘ کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش تیار کی تھی، جو امریکی اور کینیڈین شہریت رکھتے ہیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو نے مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا، تاہم وہ شخص امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خفیہ اہلکار تھا۔
اس مقدمے میں وکاش یادو پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے، تاہم وہ امریکی حکام کی تحویل میں نہیں ہے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا انہوں نے اس مقدمے میں اپنے دفاع کے لیے وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔
یہ سازش ایک وسیع تر مہم کا حصہ قرار دی گئی ہے، جس کے بارے میں امریکی اور کینیڈین حکام کا الزام ہے کہ بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو بیرونِ ملک نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔
دوسری جانب بھارتی حکومت نے گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف کسی بھی سازش میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات حکومتی پالیسی کے خلاف ہیں۔














