میکسیکو میں ایف بی آئی کے مطلوب ترین منشیات اسمگلروں میں شامل ’’ایل چاپو ایسدرو‘‘ گرفتار
واشنگٹن: امریکی ایف بی آئی کی مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل منشیات اسمگلر فاؤستو ایسدرو میزا فلورس، المعروف ’’ایل چاپو ایسدرو‘‘، کو میکسیکو میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر گواسابے میں میکسیکو کی فوج نے ایک بڑے آپریشن کے دوران ایل چاپو ایسدرو کو گرفتار کیا۔ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ایل چاپو ایسدرو پر امریکا میں کوکین، ہیروئن سمیت بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کے الزامات ہیں۔ ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات فراہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالر (تقریباً ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) انعام مقرر کر رکھا تھا۔
رپورٹس کے مطابق گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران کارٹیل کے مسلح افراد اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جبکہ متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے دوران بیس بال میچ دیکھنے آئے شائقین خوفزدہ ہو کر بھاگ نکلے، جبکہ کھلاڑیوں کو بھی میدان چھوڑنا پڑا۔
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی ملکی انٹیلی جنس اداروں اور امریکی حکام کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون سے انجام دی گئی۔ تاہم، حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکی اہلکار براہِ راست آپریشن میں شریک تھے یا نہیں۔
گرفتار ایل چاپو ایسدرو اور دیگر زیر حراست افراد کو میکسیکو کی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔














