استنبول: وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ ساتویں عالمی ویمن سمٹ میں شرکت کی، جہاں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے، مساوی مواقع کی فراہمی اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سمٹ کا انعقاد ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ کنوینئر برائے جینڈر مین اسٹریمنگ سارہ احمد بھی پاکستانی وفد کا حصہ تھیں۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی حقوق کی فراہمی، تعلیم کے فروغ اور معاشی خودمختاری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خواتین کو باوقار مقام، مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کی مؤثر شمولیت ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ خواتین کو تعلیم، روزگار، معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھرپور نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بچیوں کے تحفظ، تعلیم، بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کر رہا ہے۔ خواتین کے حقوق کا تحفظ، سماجی بہبود اور ان کی استعداد کار میں اضافہ حکومتی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اسلام خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، جبکہ ان حقوق کا تحفظ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سمٹ کے موقع پر پاکستانی وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش سے دوطرفہ ملاقات بھی کی۔ اس دوران خواتین کو بااختیار بنانے، بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور زیر بحث آئے۔
ملاقات میں کم عمری کی شادی کی روک تھام اور بچیوں کے لیے تعلیم و ترقی کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وفد نے صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان کی صاحبزادی سمیہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کی ترقی، بااختیاری اور حقوق کے تحفظ سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقاتوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، کم عمری کی شادی جیسے سماجی مسائل کی روک تھام اور خواتین کی ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔














