لندن: برطانیہ میں گیس اور بجلی کے نرخوں میں بڑے اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عام گھرانوں کے سالانہ توانائی اخراجات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوری 2027 سے گیس اور بجلی کے بلوں میں 26 فیصد اضافہ ہوگا، جس کے بعد ایک عام گھرانے کا سالانہ انرجی بل 443 پاؤنڈ اضافے کے ساتھ 2 ہزار 166 پاؤنڈ تک پہنچ جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی توانائی ریگولیٹر آفجیم (Ofgem) نے جنوری سے مارچ 2027 کے لیے نئی پرائس کیپ مقرر کردی ہے، جس سے متغیر ٹیرف استعمال کرنے والے برطانیہ کے تقریباً 2 کروڑ گھرانے متاثر ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے اضافی اخراجات کے اثرات کم کرنے کے لیے اہل گھرانوں کو 100 پاؤنڈ کی یکمشت مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انگلینڈ میں کونسل ٹیکس بینڈ اے سے ڈی میں شامل اہل گھرانے اس امداد کے مستحق ہوں گے۔
اس کے علاوہ تقریباً 60 لاکھ گھرانوں کو ونٹر وارم ہوم ڈسکاؤنٹ اسکیم کے تحت 150 پاؤنڈ کی رعایت بھی ملنے کا امکان ہے۔














