واشنگٹن: امریکہ نے یوکرین کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی مرمت، دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے معاون پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس پیکج کے تحت یوکرین کو طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے درکار آلات، پرزوں اور تکنیکی خدمات کی ممکنہ فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب یوکرین کو اپنے ایف 16 طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے تکنیکی مشکلات اور پرزوں کی قلت کا سامنا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق پیکج میں مرمت اور دیکھ بھال کے لیے تکنیکی و لاجسٹک معاونت، سسٹم ایکٹیویشن اور پروپلشن سے متعلق سامان، لیبارٹری آلات اور نقل و حمل کی خدمات شامل ہیں۔
اس خریداری کے اخراجات بیلجیئم، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور ناروے کی شراکت سے چلنے والے ’’جمپ اسٹارٹ‘‘ پروگرام کے تحت پورے کیے جائیں گے، جبکہ امریکی حکومت اس مقصد کے لیے کوئی فنڈ فراہم نہیں کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدے کے لیے مرکزی ٹھیکیدار کا انتخاب حکومتی سطح پر مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔














