بہاولپور: اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور (آئی یو بی) اور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (پی ایس ای آر) کے اشتراک سے عباسیہ کیمپس میں ’’شمار گورنمنٹ اکیڈمیا ڈائیلاگ‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے خطاب کیا۔
سیمینار کا مقصد حکومتی اداروں اور تعلیمی شعبے کے درمیان رابطے کو فروغ دینا اور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے خطاب کرتے ہوئے حکومتی اقدامات اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس نوعیت کے مکالموں کو معلومات کے تبادلے اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد صوبے کے شہریوں کے سماجی اور معاشی حالات سے متعلق معلومات جمع کرنا ہے، تاکہ حکومتی فلاحی منصوبوں اور پالیسیوں کی منصوبہ بندی میں مدد مل سکے۔
سیمینار میں سرکاری اور تعلیمی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون، مستند معلومات کی اہمیت اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں ڈیٹا کے بہتر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔














