تہران: ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی شرائط تسلیم کیے جانے تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا کوئی امکان نہیں۔
ایرانی یومِ بحریہ کے موقع پر ہفتے کو جاری اپنے پیغام میں امیر حاتمی نے آبنائے ہرمز کی بندش کو ایرانی بحری افواج کا مقدس اور غیر متزلزل مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ایرانی عوام اور قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ علاقائی پانیوں میں جہاز رانی پر ایران کے مسلسل کنٹرول نے امریکی فوج کی کمزوری اور بے بسی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی مضبوط بحریہ اور مسلح افواج کی دیگر شاخیں عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹی ہوئی ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں دشمن کی کمزوری اور مایوسی واضح ہو چکی ہے۔
امیر حاتمی نے مزید کہا کہ دشمن کو سمندر میں بارہا شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایرانی افواج اپنی بحری طاقت کے ذریعے مخالف قوتوں کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔













