کراچی: ٍانسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں عدم شواہد کی بنیاد پر 7 ملزمان کو بری کر دیا۔
نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں ہوئی جس دوران عدالت نے عدم شواہد کی بناء پر شعیب شوٹر اور امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان کو بری کر دیا۔
دیگر بری ہونے والے ملزمان میں گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا گرفتار پولیس اہلکاروں کےخلاف ایک بھی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ مقابلہ جعلی تھا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو بری کیا جا چکا ہے، سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 پولیس افسران و اہلکار مفرور تھے، ساتوں مفرور ملزمان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد سرینڈر کیا تھا۔
یاد رہے کہ نقیب اللہ کو جنوری 2018 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، کیس میں 25 ملزمان نامزد تھے، تمام کو بری کیا چکا ہے۔














