سجاول(26 اکتوبر 2026): کمسن بچی مرک میمن کے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے واردات میں ملوث چوتھے مرکزی ملزم محمد گلزار برفت کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سجاول محمد عثمان سدوزئی کی ہدایات اور ایس ڈی پی او سجاول عزیز جمیل میمن کی نگرانی میں پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دبوچ لیا۔
واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ بیلو دڑو روڈ پر پیش آیا تھا جہاں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے کمسن بچی مرک میمن جاں بحق ہو گئی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد گلزار برفت کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف برآمد کر لی گئی ہے، جس پر ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور کیس کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔














