ٹرمپ انتظامیہ کی انٹیلی جنس اداروں میں مبینہ سیاسی مداخلت، ڈیموکریٹس نے تحقیقات کی تیاری شروع کر دی
واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انٹیلی جنس اداروں میں مبینہ سیاسی مداخلت اور بڑے پیمانے پر افسران کی برطرفیوں کی تحقیقات کی تیاری شروع کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس جنوری میں ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد انٹیلی جنس اداروں میں ملازمین کی برطرفیوں، سیاسی دباؤ اور تجزیاتی رپورٹس میں ممکنہ خود ساختہ سنسرشپ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔
ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے متوقع چیئرمین اور ڈیموکریٹ رہنما جم ہائمز کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ کے باعث انٹیلی جنس اداروں کے ملازمین کے حوصلے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ نے ادارے کے عملے میں 40 فیصد کمی کی، جبکہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے بھی ایک ہزار سے زائد ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ پیش کیا۔ متاثر ہونے والے ملازمین میں سینئر انٹیلی جنس تجزیہ کار اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران بھی شامل تھے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض تجزیہ کاروں کو ایسی رپورٹس تیار کرنے پر بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا جن کے نتائج وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
ڈیموکریٹس کی مجوزہ تحقیقات کا بنیادی مقصد یہ جانچنا ہے کہ ان اقدامات سے امریکی انٹیلی جنس اداروں کی خودمختاری، پیشہ ورانہ آزادی اور غیر جانبدارانہ تجزیہ کرنے کی صلاحیت کس حد تک متاثر ہوئی ہے۔














