جی سی سی کا ایران سے جنگی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ
ریاض: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خلیجی ممالک پر حملوں کے نتیجے میں ہونے والے تمام جنگی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خلیجی ممالک پر ہزاروں میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل و گیس کی تنصیبات، بجلی گھروں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اس جنگ کا حصہ نہیں تھے بلکہ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ روکنے کی کوششیں کیں۔ اس کے باوجود انہیں حملوں کا سامنا کرنا پڑا، لہٰذا ایران کو ان حملوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
جاسم البدیوی نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اس کے جوہری پروگرام، میزائلوں، ڈرونز اور مسلح گروہوں کی حمایت جیسے اہم معاملات کو لازماً شامل کیا جانا چاہیے۔














