تہران: ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، جس کے باعث جہاز حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق واقعہ پیر کی صبح آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں پیش آیا، جہاں جہاز کو خلاف ورزی کرنے والا قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں بحری آمدورفت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور علاقے پر اس کا کنٹرول ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے بھی دو آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے اور آگ لگنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق اتوار سے اب تک آبنائے ہرمز میں چھ تیل بردار جہاز آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔














