احمدپور شرقیہ: غلہ منڈی میں کپاس کے ذخیرے میں آگ لگنے سے بھاری مقدار میں کپاس متاثر ہوگئی۔ واقعہ مبینہ طور پر ایک بچے کی جانب سے کپاس کے ڈھیر پر پٹاخہ پھینکنے کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی میں تقریباً 80 من کپاس کا ذخیرہ موجود تھا کہ اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے سے منڈی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو اہلکاروں کی کوششوں سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں تقریباً 3 سے 4 من کپاس جل کر متاثر ہوئی، جبکہ باقی ذخیرہ محفوظ رہا۔ خوش قسمتی سے آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات اور واقعے کے ذمہ داران کا تعین کیا جاسکے۔














