تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے نگراں وزیرِاعظم نیتن یاہو کے سیاسی مخالف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کے اتحادی متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کرلیا ہے، جسے نیتن یاہو کے لیے ایک سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق منگل کو کنیسٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں متان کہانا نے 66 ووٹ حاصل کیے، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے نامزد امیدوار اوفیر کاٹز کو 52 ووٹ ملے۔
رپورٹ کے مطابق 54 سالہ متان کہانا سابق اسرائیلی فوجی کمانڈو ہیں اور گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر سے تعلق رکھتے ہیں۔
اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسپیکر کا عہدہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسپیکر پارلیمانی کارروائی چلانے، قانون سازی اور مختلف بلوں پر بحث و رائے شماری کا شیڈول طے کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
متان کہانا کی کامیابی کے بعد گادی آئزن کوٹ کے حامیوں کو نیتن یاہو حکومت کی متنازع پالیسیوں میں تبدیلی کے لیے پارلیمنٹ میں اہم موقع مل گیا ہے۔ ان پالیسیوں میں عدالتی اصلاحات سے متعلق قوانین کی واپسی اور وزیراعظم کے لیے مدتِ عہدہ کی حد مقرر کرنا بھی شامل ہے۔
گادی آئزن کوٹ نے متان کہانا کو اسپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کنیسٹ کو تمام شہریوں کی نمائندہ پارلیمنٹ کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دوسری جانب نومنتخب اسپیکر متان کہانا نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ وہ نسل، مذہب اور جنس کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے نمائندے کے طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔














