امریکا میں تعینات روسی سفیر الیگزینڈر ڈارچیو 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
نیویارک: امریکا میں تعینات روسی سفیر الیگزینڈر ڈارچیو 66 برس کی عمر میں ماسکو میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں سفیر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الیگزینڈر ڈارچیو کا انتقال طویل علالت کے باعث ہوا۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے مارچ 2025ء میں انہیں امریکا میں روس کا سفیر مقرر کیا تھا۔ ڈارچیو ایک تجربہ کار سفارت کار تھے جو ماضی میں مغربی ممالک کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے رہے تھے۔
رائٹرز کے مطابق ان کی تقرری کا بنیادی مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ روس کے تعلقات بہتر بنانا تھا۔ اس سفارتی پیش رفت پر یوکرین اور یورپی ممالک میں تشویش بھی پائی جاتی تھی۔
واضح رہے کہ فروری 2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے، سفارتی عملے کی تعداد محدود کرنے اور مختلف پابندیاں عائد کرنے جیسے اقدامات کیے، جس سے سفارت خانوں کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
اکتوبر 2024ء میں روس کے سابق سفیر اناتولی انتونوف کی واپسی کے بعد واشنگٹن میں روسی سفیر کا عہدہ خالی تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی کے بعد دونوں ممالک نے تعلقات کی بحالی کے لیے دوبارہ سفارتی رابطے شروع کیے۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں سفارت خانوں کی سرگرمیاں بحال کرنے اور یوکرین جنگ کے خاتمے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
الیگزینڈر ڈارچیو نے استنبول میں سفارتی امور سے متعلق مذاکرات کے دوران روسی وفد کی قیادت بھی کی تھی۔ ان کی بطور سفیر تقرری کو ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں بہتری کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔














