واشنگٹن: امریکا میں فضائی سفر کا بحران دوسرے روز بھی برقرار رہا، فضائی حدود کھلنے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ایئرلائنز اپنا معمول کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے منتظر رہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔
فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یہ تعداد امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی پیش گوئی سے بھی زیادہ رہی، جنہوں نے 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
دوسری جانب دنیا بھر میں 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی فضائی آپریشنز سے منسلک پروازوں کی تھی۔
بڑی ایئرلائنز اور ہوائی اڈے شدید متاثر
فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کر دیں۔
متاثرہ مسافروں کی سہولت کے لیے ایئرلائنز نے اضافی فیس کے بغیر سفر کی تاریخ تبدیل کرنے اور دوبارہ بکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی ہوائی اڈوں میں شکاگو کا اوہیئر ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے ایئرپورٹ پر 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر بھی صورتحال خراب رہی، جہاں دوپہر ساڑھے 12 بجے تک 479 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔ یہ ایئرپورٹ ڈیلٹا ایئرلائنز کا بڑا مرکز ہے۔
ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ متعدد مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی، جبکہ ڈیلاس سے آگے دوسری پروازوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ولیم پی ہیبی ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔
فضائی آپریشنز کی مکمل بحالی میں مشکلات
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک کی فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم مسافروں کو مزید منسوخیوں اور تاخیر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایئرلائنز کو طیاروں اور عملے کو دوبارہ متعلقہ ہوائی اڈوں تک پہنچانے اور متاثرہ مسافروں کی دوبارہ بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ایئرلائنز رات تک اپنے معمول کے فضائی شیڈول کو مکمل طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔














