واشنگٹن: امریکا میں فضائی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں میں تعطل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ تاحال اس واقعے کے پیچھے سائبر حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کلیٹن کے مطابق مختلف سرکاری اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اپ گریڈ کرنے کا عمل جاری ہے، اس لیے تکنیکی خرابیوں کو بلا ثبوت سائبر حملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شین ڈفی نے بھی تصدیق کی کہ جمعے کے روز پروازوں میں پیش آنے والا تعطل سائبر حملے کا نتیجہ نہیں تھا، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
واقعے کی تحقیقات میں امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو بھی شامل کرلیا گیا ہے، جس کی ٹیم تکنیکی خرابی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی سینیٹ میں اکثریتی رہنما جان تھیون نے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے کانگریس میں نگرانی سے متعلق سماعتیں منعقد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی نظام کو جدید بنانے اور ٹرانسپورٹ و مواصلات سمیت دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔














