امریکا میں ماہر پائلٹ نے فضا میں مونا لیزا کا ڈیجیٹل اسکیچ بنا کر دنیا کو حیران کردیا۔
امریکی ریاستوں اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحد کے قریب ایک ماہر پائلٹ نے سیسنا آر 182 طیارے سے فضا میں 3 گھنٹے تک مسلسل پرواز کرکے لیونارڈو ڈا وِنچی کی مشہور زمانہ پینٹنگ “مونا لیزا” کا ڈیجیٹل اسکیچ تیار کرکے دنیا کو حیران کر دیا۔
یہ اسکیچ فلائٹ پیتھ حیرت انگیز آرٹ کے طور پر سامنے آیا ہے۔ پائلٹ نے جی پی ایس ٹریکنگ اور فلائٹ پاتھ کو اس مہارت سے موڑا کہ ریڈار اسکرین پر مونا لیزا کا مکمل اسکیچ تیار ہو گیا۔
پائلٹ نے ریاست آرکنساس کے شہر بینٹن ویل سے اڑان بھری اور اپنی فلائٹ کا بیشتر حصہ امریکا کی اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحدی حدود خاص طور پر تہلیکوا کے اوپر پرواز کرتے ہوئے گزارا۔
پائلٹ کو آسمان میں مونا لیزا کا یہ پورٹریٹ چہرہ، بال اور پورا اسکیچ مکمل کرنے میں تقریباً 3 گھنٹے لگے اور یہ پورا فضائی آرٹ 35 میل کے علاقے پر محیط تھا۔
پائلٹ نے جی پی ایس پر پہلے سے تیار کردہ نقشے کے مطابق طیارے کو اس باریکی سے موڑا کہ ایک انچ کی بھی غلطی تصویر کو خراب کر سکتی تھی۔ جب ریڈار ٹریکنگ ویب سائٹس پر اس کا لائیو روٹ دیکھا گیا، تو وہ بالکل مونا لیزا کی تصویر جیسا دکھائی دیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر 73,000 سے زائد لوگوں نے اسے لائیو ٹریک کیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔














