واشنگٹن: امریکا کا ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا ہے، جس کے بعد ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں خطے میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی بحریہ کے دو طیارہ بردار جہاز، یو ایس ایس جارج بش اور یو ایس ایس جارج واشنگٹن، پہلے ہی خطے میں موجود ہیں، جبکہ 13 ڈسٹرائیرز، دو کروزرز اور ایک دیگر جنگی جہاز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق امریکی بحری بیڑے کی یہ تازہ تعیناتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔
امریکی بحریہ کی اس اضافی تعیناتی کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔














