واشنگٹن: امریکہ میں فضائی آپریشن مسلسل تیسرے روز بھی شدید متاثر رہا، جہاں مزید 5 ہزار 200 سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فضائی ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 3 ہزار 600 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق فضائی آپریشن میں یہ تعطل امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے جمعے کو تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روکنے کے بعد سامنے آیا۔
حکام کے اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً پانچ گھنٹے تک فضائی آپریشن معطل رہا۔ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ امریکہ میں فضائی سفر کی طویل ترین ملک گیر معطلی قرار دی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق آرکنساس کے شہر ایل ڈوراڈو میں ایک راؤٹر تبدیل کرنے کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس نے ٹیکساس کے شہر امریلو سمیت دیگر فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کے مواصلاتی نظام کو متاثر کیا۔
مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرول کا نظام متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر منسوخیوں اور تاخیر کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے امید ظاہر کی ہے کہ فضائی آپریشن جلد معمول پر آجائیں گے، تاہم مسلسل تیسرے روز بھی ہزاروں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ تکنیکی خرابی کے اثرات تاحال برقرار ہیں۔
فضائی آپریشن میں مسلسل تعطل کے باعث مسافروں کو سفری منصوبوں میں تبدیلی، طویل انتظار اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔














