تہران: ایران نے امریکہ پر بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایرانی عوام کو بھوک سے دوچار کرنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے جنگی جرائم کا کھلا اعتراف قرار دے دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بیان کو ایرانی عوام کو بھوک سے دوچار کرنے کی کھلی دھمکی قرار دیا۔ روبیو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانیوں کو کھانا تو کھانا ہی ہوگا۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکہ کئی دہائیوں سے پابندیوں، دھمکیوں، دہشت گردی اور فوجی جارحیت کے ذریعے ایران کو دباؤ میں لانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، جبکہ نئی پابندیاں بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہیں۔
انہوں نے امریکی حکمت عملی کو ماضی کی تاریخی غلطیوں کی تکرار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن سابقہ ناکامیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنی پالیسیوں کو نئے ناموں کے ساتھ دہرا رہا ہے۔














