واشنگٹن: امریکی جنگی طیاروں نے ایران کے جزیرہ قشم پر پاسداران انقلاب کی میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی فوجی عہدیدار نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے امریکی اہلکاروں اور فوجی تنصیبات کے دفاع میں کی گئی کارروائی قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ منگل کے روز کیے گئے حملے میں جنگی طیاروں نے انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے۔
امریکی عہدیدار کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی اہلکاروں اور فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانے والی ایرانی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی تصدیق کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی رہائشی یا تجارتی علاقے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جزیرہ قشم کے علاقے ناریمان میں فضائی دفاعی میزائل لانچر کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین میں واقع عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی ڈرون حملوں کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کی جانب آنے والے ایرانی ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ان واقعات میں امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی امریکی اہلکار زخمی ہوا۔














