نیویارک: امریکا کی وفاقی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ، یعنی 27 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں رابطہ کاری کے لیے امریکا آیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایرانی فوج کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے آصف مرچنٹ کو امریکا بھیجا تھا۔
وفاقی جیوری نے مارچ میں آصف مرچنٹ پر فردِ جرم عائد کی تھی، جس کے بعد بروکلین کی وفاقی عدالت میں ڈسٹرکٹ جج اریک نے انہیں سزا سنائی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ نے خود کو پاسداران انقلاب کا رضاکار تسلیم کیا تھا اور امریکی شخصیات کو قتل کرنے کے لیے ایک مبینہ کرائے کے قاتل کو رقم بھی فراہم کی تھی۔
حکام کے مطابق مرچنٹ کا خیال تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنایا جائے گا، تاہم مبینہ منصوبے میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں امریکا کی سابق مستقل مندوب نکی ہیلی بھی ممکنہ اہداف میں شامل تھیں۔
امریکی حکام کے مطابق آصف مرچنٹ کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ کسی جرائم پیشہ گروہ یا مافیا سے تعلق رکھنے والے شخص کی خدمات حاصل کرے اور مبینہ منصوبے کو ایک سیاسی ریلی کے دوران عملی جامہ پہنایا جائے۔
تحقیقات کے مطابق امریکا میں جس شخص سے آصف مرچنٹ نے رابطہ کیا، اس نے ایف بی آئی کو اس بارے میں آگاہ کردیا اور بعد ازاں تفتیشی ادارے کے لیے معلومات فراہم کرتا رہا۔
امریکی حکام کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ کرائے کے قاتل کو 5 ہزار ڈالر بھی ادا کیے تھے، تاہم اسے 12 جولائی کو ٹیکساس کے شہر رچمنڈ سے اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ امریکا چھوڑنے کی تیاری کررہا تھا۔














