واشنگٹن: ایکواڈور کے ماہی گیروں نے سمندر میں اپنی کشتی پر مبینہ امریکی ڈرون حملے کے خلاف امریکی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں 50 لاکھ ڈالر ہرجانے اور مستقبل میں ایسے حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی ’’لا نیگرا فرانسسکا ڈوارٹے دوم‘‘ کو 17 مارچ 2026 کو گالاپاگوس جزائر کے قریب ایکواڈور کے خصوصی اقتصادی سمندری علاقے میں مبینہ طور پر امریکی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں کشتی ڈوب گئی جبکہ عملے کے متعدد ارکان شدید زخمی ہوگئے۔ ماہی گیروں کا دعویٰ ہے کہ بارود سے لیس دو چھوٹے ڈرونز نے ان کی کشتی پر حملہ کیا تھا۔
ماہی گیروں کے وکلا کے مطابق واقعے کے بعد امریکی بحریہ اور ساحلی محافظوں کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا اور بعد ازاں ایل سلواڈور منتقل کردیا، جہاں انہیں کئی روز تک زیر حراست رکھا گیا۔
رہائی کے بعد متاثرہ ماہی گیروں نے امریکی ریاست پنسلوانیا کی وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ ان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ماہی گیر منشیات اسمگلنگ میں ملوث نہیں تھے۔
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ مبینہ حملے سے کچھ دیر قبل ایکواڈور کی بحریہ کشتی کی تلاشی لے چکی تھی اور ماہی گیروں کو کلیئر قرار دیا گیا تھا۔
امریکی محکمہ دفاع ماضی میں اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرچکا ہے، تاہم اب امریکی فوج نے الزامات پر براہِ راست تبصرہ کرنے کے بجائے کہا ہے کہ جاری عدالتی کارروائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاتا۔
واضح رہے کہ رواں سال ایکواڈور کی ماہی گیر کشتیوں کے ساتھ پیش آنے والے تین پراسرار واقعات میں یہ بھی شامل ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تحقیقات میں ان حملوں کا ممکنہ تعلق امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک خفیہ پروگرام سے جوڑا تھا، تاہم اس حوالے سے مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔














