امن مذاکرات میں پیش رفت کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد گر گئیں
لندن: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کے امکانات کم ہونے اور روس، یوکرین امن مذاکرات میں پیش رفت کے باعث جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.14 ڈالر کمی کے بعد 91.62 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 1.04 ڈالر کمی کے بعد 85.49 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
نسان سیکیورٹیز کے چیف اسٹریٹجسٹ ہیرویوکی کیکواکا کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں اور ایران جنگ میں مزید شدت نہ آنے کی توقعات نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان محدود ہے۔
دوسری جانب ابوظہبی میں روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوگیا، تاہم علاقائی تنازعات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔
ادھر ایرانی سیکیورٹی چیف محسن رضائی نے افزودہ جوہری مواد ایران سے باہر منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے مزید حملوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
اس کے برعکس امریکا کا مؤقف ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے لیے ابتدائی مذاکرات میں جوہری معاملات کو شامل کرنا ضروری ہے۔














