شینزن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرانے کے لیے چین اور روس سے مدد لینے کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے معاملے پر کسی دوسرے ملک کی معاونت کی ضرورت نہیں۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ایرانی میزائل صلاحیت کم ہو کر صرف 12 سے 13 فیصد رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے اور ایران اب خود امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتوں کے دوران وہ ایران کے معاملے پر کسی قسم کی مدد طلب نہیں کریں گے۔
امریکی صدر نے چین کے ساتھ تعلقات کو دوستی اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے شینزن آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ان کے بقول چین اور امریکا کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام موجود ہے۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور موجودہ صورت حال میں امریکا کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے کسی دوسرے ملک کی مدد درکار نہیں۔














