ایران کو ماحولیاتی نقصان پہنچانے پر امریکا اور اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے، مسعود پزشکیان
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان پر امریکا اور اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرایا جائے اور ان کے خلاف احتساب کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔
کوپ 31 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں ایران کو بڑے پیمانے پر جانی، معاشی اور ماحولیاتی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ قدرتی وسائل کو پہنچنے والے نقصانات کے اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کی عالمی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے محفوظ قدرتی علاقوں اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ فوجی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کی دستاویز بندی اور ذمہ داروں کے احتساب کے لیے ایک مؤثر عالمی نظام تشکیل دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی پابندیوں کے باوجود ایران نے قابلِ تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔
مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ زمین کسی ایک ملک یا نسل کی ملکیت نہیں بلکہ اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے امن ناگزیر ہے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ماحول کا تحفظ بھی ضروری ہے۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران منصفانہ اور ذمہ دارانہ عالمی تعاون کے لیے تیار ہے، وہ جنگ جاری رکھنے کا خواہاں نہیں اور اس کی اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔














