تہران: ایران کے معروف شیعہ مذہبی رہنما آیت اللہ وحید خراسانی 108 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی تصدیق ان کے دفتر نے باضابطہ بیان میں کردی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ’مہر نیوز ایجنسی‘ کے مطابق ان کے دفتر سے جاری بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آیت اللہ وحید خراسانی کئی دہائیوں تک دینی علوم کی تدریس، تحقیق اور مذہبی تعلیم و تربیت سے وابستہ رہے۔
بیان کے مطابق انہوں نے مذہبی شعائر کے تحفظ اور دینی علما کی تربیت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ 5 نومبر کو بھی ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی تھی، تاہم ان کے دفتر نے اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا علاج جاری ہے۔
ان کے دفتر کے مطابق نمازِ جنازہ، تدفین اور تعزیتی اجتماعات سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔














