• Home
  • Blog
  • ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکس نظام ڈیجیٹل بنانے کیلیے 20کروڑ ڈالر قرض لینے کی تیاری
Image

ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکس نظام ڈیجیٹل بنانے کیلیے 20کروڑ ڈالر قرض لینے کی تیاری

حکومت نے وفاقی بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل بنانے کیلیے مزید 20 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی قرض لینے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد ٹیکس نظام کی جدیدکاری کیلیے پاکستان کی جانب سے لیے جانیوالے غیر ملکی قرضوں کامجموعی حجم تقریباً 4۔9 ارب ڈالر تک پہنچ جائیگا۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 5710 کروڑ مالیت کے ٹرانسفارمنگ اینڈ ڈیجیٹلائزنگ ریونیو ایڈمنسٹریشن منصوبے کی منظوری کی سفارش کردی ہے۔ منصوبہ مزیدغوراور حتمی منظوری کیلیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی (ایکنک)کو بھجوادیاگیا،منصوبے کی مالی معاونت ایشیائی ترقیاتی بینک کے قرض سے کی جائے گی،منصوبے کی مجموعی لاگت میں سے 8۔1 کروڑ ڈالر، یعنی تقریباً 22۔5 ارب روپے، پانچ سال کے دوران مشاورتی خدمات پرخرچ کیے جائیں گے۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں بتایاگیاکہ پاکستان کے ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلیے مختلف ترقیاتی شراکت داروں سے تقریباً 4۔7 ارب ڈالر حاصل کیے جاچکے ہیں، نئے قرض کے بعد یہ رقم بڑھ کر تقریباً 4۔9 ارب ڈالر ہوجائیگی۔پلاننگ کمیشن نے ایف بی آر سے مطالبہ کیاکہ ماضی میں غیر ملکی معاونت سے مکمل کیے گئے ٹیکس ایڈمنسٹریشن اینڈ ریفارمز پروجیکٹ ، پاکستان سنگل ونڈو، انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹمز اور پاکستان ریزز ریونیو پروگرام سمیت دیگر منصوبوں کے اثرات کاجامع جائزہ لیا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے واضح، قابلِ پیمائش اور ٹھوس نتائج مقررکرنے کی ضرورت پرزوردیا، بالخصوص ریونیو میں اضافے، ٹیکس ٹوجی ڈی پی شرح بہتر بنانے اور ٹیکس دہندگان کادائرہ وسیع کرنے کے حوالے سے۔ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ نئے منصوبے کے ذریعے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو 2029 تک 10۔3 فیصد سے بڑھاکر 13۔5 فیصد کیاجائیگا،جبکہ فعال رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد 70 لاکھ سے بڑھاکر 1۔2 کروڑ تک پہنچائی جائیگی۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد ملکی وسائل کو متحرک کرنااور ایف بی آرکے 2024-28 ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد کیلیے ریونیو انتظامیہ کے پورے نظام کوڈیجیٹل بناناہے۔ ایف بی آر نے مؤقف اختیارکیاکہ اس کا 2024-28 ٹرانسفارمیشن پلان وفاقی کابینہ سے 350 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے منظورہوچکاہے،جبکہ مختلف منصوبوں کے تحت ہارڈویٔر اورسافٹ ویٔر دونوں کو اپ گریڈکیاجارہاہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ماضی میں بھی غیر ملکی قرضوں سے چلنے والے ٹیکس اصلاحاتی منصوبوں کے تحت ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں نمایاں اضافے کے اہداف مقررکیے گئے تھے،تاہم یہ اہداف حاصل نہیں ہوسکے۔

متعلقہ خبریں۔

ایلون مسک کا ہر امریکی بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دینے کا اعلان

نیویارک: امریکی ارب پتی ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے دو…

ByBySajid Ali Nov 26, 2026

امریکہ کی یوکرین کے ایف 16 طیاروں کے لیے 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے معاون پیکج کی منظوری

واشنگٹن: امریکہ نے یوکرین کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی مرمت، دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے…

ByBySajid Ali Nov 26, 2026

انڈونیشیا میں غیر قانونی سونے کی کان میں حادثہ، 13 کان کن ہلاک، مزید 13 مزدور پھنسے ہوئے ہیں

انڈونیشیا میں غیر قانونی سونے کی کان میں حادثہ، 13 کان کن ہلاک، مزید 13 مزدور پھنسے ہوئے…

ByBySajid Ali Nov 26, 2026

نورس اٹلانٹک کا اچانک فضائی آپریشن معطل، برطانیہ سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ

برطانوی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کی جانب سے اچانک فضائی آپریشن معطل کیے جانے کے نتیجے میں پاکستان…

ByBySajid Ali Nov 26, 2026

ایک جواب دیں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top