ایتھنز: برٹش ایئرویز کی لندن سے دبئی جانے والی پرواز کو دورانِ سفر ہنگامی صورتحال پیش آنے پر یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز یونانی فضائی حدود میں تھی کہ طیارے کے دائیں انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت انجن بند کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پائلٹس نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طیارے سے عالمی ایمرجنسی کوڈ جاری کیا، جس پر ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کا رخ ایتھنز ایئرپورٹ کی جانب موڑنے کی ہدایت کی۔
ہنگامی لینڈنگ کے پیش نظر ایئرپورٹ پر امدادی ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا تھا، جبکہ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارہ ایتھنز ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔














